عید کی چھٹیاں منانے کیلئے سیاحوں نے آزاد کشمیر کا رخ کر لیا

مظفر آباد ( اُمت نیوز) عیدالفطر کی چھٹیاں منانے کیلئے سیاحوں نے آزاد کشمیر کا رخ کر لیا۔

سال کے چاروں موسموں میں سیر و تفریح کے شوقین لوگ آزاد کشمیر کی حسین وادیوں کا رخ کرتے ہیں، تاہم عید کی تعطیلات کے دوران سیاح فیملیز کے ہمراہ وادی نیلم کے خوبصورت صحت افزا مقامات کو اپنا مسکن بناتے ہیں۔

دو سو کلو میٹر طویل وادی نیلم کا ہر علاقہ اپنی خوبصورتی میں بے مثال ہے، دریائے نیلم کے کنارے اس حسین وادی کو ملک کے دیگر علاقوں سے ملانے والی شاہراہ نیلم کے دونوں اطراف سرسبز جنگلات اور پانی کے جھرنے یہاں آنے والوں پر سحر طاری کرتے ہیں۔۔

سیاحت کے شعبہ سے وابستہ کاروباری لوگوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے باجود لوگوں نے اس بار عید کی چھٹیاں گزارنے کے لئے پہلے سے کمروں کی بکنگ کر رکھی ہے۔

محکمہ سیاحت کے اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں شعبہ سیاحت سے وابستہ لاکھوں لوگ سالانہ پانچ ارب روپے سے زائد کا کاروبار کرتے ہیں۔