پاکستان میں مہنگائی کی شرح کم کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں:وزیر خزانہ

 

واشنگٹن (اُمت نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح کم کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی واشنگٹن میں چینی ہم منصب سے ملاقات ہوئی، اس دوران محمد اورنگزیب نے پاکستان میں چینی شہریوں پر دہشتگرد حملے کی مذمت کی اور جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا، وزیر خزانہ نے چینی شہریوں کے تحفظ کا عزم بھی دہرایا۔

علاوہ ازیں چینی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح کم کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، چین نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی میں بھر پور ساتھ دیا ہے۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا ہے کہ ٹیکس نیٹ کو بڑھانے پر توجہ مرکوز ہے، مختلف عالمی اداروں کے ساتھ ملکر متعدد منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، آئی ایم ایف سمیت تمام مالیاتی اداروں سے بات چیت مثبت رہی۔

قبل ازیں ادارہ شماریات نے رپورٹ جاری کر دی جس میں مہنگائی کی شرح میں کمی کی نوید سنائی گئی ہے، حالیہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح صفر اعشاریہ 79 فیصد کم ہوگئی، ہفتہ وار مہنگائی کی مجموعی شرح 28 اعشاریہ 54 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق 22 اشیائے ضروریہ مہنگی اور 18 کی قیمتیں مستحکم رہیں، آلو، ٹماٹر، چکن لہسن سمیت دیگر اشیاء مہنگی ہوئیں، دال ماش، چینی، مٹن، خشک دودھ بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔

رواں ہفتے آلو 11 روپے 34 پیسے، ٹماٹر 13 روپے 15 پیسے، لہسن17 روپے 6 پیسے اور چکن 53 روپے 67 پیسے فی کلو مہنگا ہوا جبکہ آٹا، انڈے، پیاز، مرچ کیلا اور گھریلو ایل پی جی سلنڈر سستا ہوا، چاول، دودھ دہی سمیت دیگر اشیاء کے دام مستحکم رہے۔