اسلام آباد: قومی اور صوبائی اسمبلی کے 21 حلقوں میں پولنگ کا وقت ختم ہو گیا، ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے، الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق غیر حتمی نتائج 6 بجے کے بعد جاری کیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوگئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔
قومی اسمبلی نشستوں کیلئے پنجاب کے 2، خیبر پختونخوا کے 2 اور سندھ کے ایک حلقے میں ضمنی انتخابات میں ووٹ ڈالے گئے۔
دوسری جانب صوبائی اسمبلیوں کی جن نشستوں پر ضمنی الیکشن ہو رہا ہے اس میں پنجاب اسمبلی کی 12، خیبرپختونخوا اور بلوچستان اسمبلی کی 2، 2 نشستیں شامل ہیں۔
دوسری جانب ضمنی انتخابات کے دوران بلوچستان اور پنجاب کے چند اضلاع میں موبائل فون سروس معطل رہے گی۔
پنجاب کے 13 شہروں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
لاہور، شیخوپورہ، قصور، ڈی جی خان، تلہ گنگ، گجرات میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند رہے گی، علی پور، ظفر وال، بھکر، چکوال، صادق آباد، علی پور چٹھہ ، کوٹ چھٹہ میں بھی موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل رہے گی۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ پنجاب اور بلوچستان کے چند اضلاع میں 21 اور 22 اپریل کو موبائل فون سروس معطل کی جائیگی، موبائل فون سروس کی بندش انتخابی عمل کو بلاتعطل اور شفاف انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے کی گئی ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخابات 2024 کیلئے الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کر دیا گیا، سنٹر میں عوام کو الیکشن کے حوالے سے رابطہ کرنے اور اپنی شکایات درج کرانے کی سہولت ہوگی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ شکایت کے بروقت ازالے کیلئے فوری طور پر کارروائی کی جائے گی، اِس مقصد کیلئے سنٹر میں تربیت یافتہ عملہ تعینات کر دیا گیا ہے، ووٹرز کی شکایات کے اندراج اور ان کے فوری حل کیلئے 4 سطحوں پر کنٹرول سنٹر قائم کئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کا بتانا ہے کہ الیکشن کمیشن کی مخصوص ہیلپ لائن 051111327000 پر بھی شکایت کا اندراج کیا جا سکتا ہے، مانیٹرنگ سنٹر پولنگ کے دن اور نتائج کے موصول ہونے تک چوبیس گھنٹے کام کرے گا۔