اسلام آباد(اُمت نیوز)غیر ملکیوں پر حملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ،مارا گیا دہشتگرد بلوچستان لیویز کا برطرف اہلکار نکلا۔
تفصیلات کے مطابق تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے انکشاف کیا گیا ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں کی فائرنگ سے مارے گئے دہشتگرد سہیل نے 2014 میں بی ایل ایف میں شمولیت اختیار کی تھی، دہشت گرد سہیل بی ایل ایف کا سرگرم ٹارگٹ کلر تھا ،سہیل کو صرف ہائی پروفائل ٹارگٹ کے لئے بھیجا جاتا تھا، سہیل نے کالعدم تنظیم کا رکن ہوتے ہوئے لیویز جوائن کی، سال 2017 سے 2022 تک لیویز میں خدمات انجام دیتا رہا، دہشت گرد تنظیم سے تعلق کا بھانڈا پھوٹنے پر ملک سے فرار ہوگیا تھا۔
تحقیقاتی رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ دہشتگرد سہیل نے فیملی کے ساتھ افغانستان میں پناہ حاصل کی تھی، سال 2022 میں بی ایل ایف سے علیحدہ ہوکر بی ایل اے جوائن کرلی، سہیل بی ایل اے کی مجید بریگیڈ میں کام کرنےلگا تھا ، پاکستان میں ہائی پروفائل ٹارگٹ کیلئے سہیل کو کراچی بھیجا گیا تھا، سہیل افغانستان سے چمن، کوئٹہ اور براستہ حب چوکی کراچی پہنچا، مارے گئے دہشت گرد سہیل کے 4 بھائی اور 1 بہن ہیں۔