ایرانی صدر ابراہیم رئیسی 3 روز کے دورے پر پاکستان پہنچ گئے

ایران(اُمت نیوز)ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی 3 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے، ان کی اہلیہ، ایرانی وزیرِ خارجہ، کابینہ ارکان، اعلیٰ حکام اور تاجر بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

ایرانی صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی سے صدر آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف سمیت دیگر حکام سے ملاقاتیں شیڈولڈ ہیں۔

‎ایرانی صدر لاہور اور کراچی کا دورہ بھی کریں گے۔

معزز مہمان کی آمد پر کراچی میں 23 اپریل کو عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق ‎ملاقاتوں میں پاک ایران تعلقات مزید مضبوط بنانے، تجارت، توانائی، زراعت، عوام سے عوام کے باہمی رابطوں اور دہشت گردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لیے دو طرفہ تعاون پر بات چیت ہو گی۔

ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ایرانی صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کا دورہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔