کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے 2 ماہ کے لیے پنک بس سروس مفت کرنے کا اعلان کردیا۔
پیپلز پنک بس سروس کے دو نئے روٹس کا افتتاح کردیا گیا۔ تقریب میں فریال تالپور نے پنک بس سروس کی 4 خواتین ڈرائیورز کو لائسنس دیے۔
شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ پنک بس سروس کے 2 نئے روٹس کے نمبر R-3 اور R-9 ہیں، پنک بس سروس روٹ R-3 پاور ہاؤس چورنگی نارتھ کراچی سے ناصر جمپ کورنگی تک اور دوسرا روٹ R-9 گلشنِ حدید سے ٹاور تک ہے، دونوں نئے روٹس پر مجموعی طور پر 10 نئی پنک بسیں چلائی جارہی ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پنک بس سروس کی پذیرائی پوری دنیا سے ہوئی، غیرملکی میڈیا نے پاکستان آکر کوریج کی، ہم نے پہلی بار خواتین کے لیے بس سروس شروع کی، خواتین کم سے کم کرایہ دے کر ایئر کنڈیشنز بسز میں سفر کرسکتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری دنیا میں خواتین کے لیے ایسا ٹرانسپورٹ کا نظام نہیں، میرپور خاص میں بھی پیپلزبس سروس شروع کی، تمام بسز میں خواتین کے لیے جگہ مخصوص ہے۔
صوبائی وزیر شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پنک بس میں صرف خواتین ہی سفر کرسکتی ہیں، خواتین کو ڈرائیونگ کا موقع بھی دیا جائے گا۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور نے کہا کہ پنک بس سروس سے خواتین کو بہت سہولت ہے، عام بسز میں خواتین کا مخصوص حصہ بہت چھوٹا ہوتا ہے، رش کے باعث خواتین کو سفر میں مشکلات ہوتی ہیں۔
فریال تالپور نے کہا کہ تھرپارکر میں خواتین ٹرک ڈرائیورز ہیں، خواتین اور مرد سب کام کریں گے تو معاشی بہتری آئے گی، عوام کو باعزت ٹرانسپورٹ کی فراہمی کے لیے پرعزم ہیں۔
فریال تالپور نے مزید کہا کہ پیپلز بس سروس میں کرایہ 50 روپے ہے، میں چاہتی ہوں کہ خواتین کے لیے کرایہ نہ ہو۔