راولپنڈی (اُمت نیوز) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے پاکستان کے دورے پر موجود ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی ملاقات میں علاقائی امن و استحکام، سرحدی سکیورٹی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ آرمی چیف اور ایرانی صدر نے علاقائی استحکام، اقتصادی خوشحالی کیلئے مشترکہ کوششوں اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک ایران بارڈر دوستی اور امن کی سرحد ہے، پاک ایران سرحد پر باہمی رابطے مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے مزید کہا ہے کہ دہشت گرد پاک ایران تعلقات کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، دونوں ملکوں میں بہتر روابط سے دہشت گرد اپنےعزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں مسلح افواج کے درمیان تعاون کے فروغ سے دونوں ممالک اور خطے کیلئے امن و استحکام حاصل کیا جا سکتا ہے۔