صوابی(اُمت نیوز) پاک فوج کی جانب سے صوابی میں کیپٹن کرنل شیر خان شہید (نشان حیدر) کے مزار کی تعمیر نو اور تزین و آرائش مکمل کر لی۔
تفصیلات کے مطابق شہید کے اہل خانہ اور علاقہ کی عوام کی پرزور فرمائش پر پاک فوج نے مزار کی تعمیر نو اور تزین و آرائش کا کام چار ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کیا۔ مزار کے احاطہ میں شہید کی زندگی کے حوالے سے یادگاری تصاویر اور زیر استعمال دیگر سامان بھی محفوظ کیا گیا ہے۔
مزار کی تعمیر نو اور تزین و آرائش مکمل ہونے پر سادہ مگر پُروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے مزار کا افتتاح کیا۔
کرنل شیر خان شہید کے بھائی کا کہنا ہے کہ ہم ارمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے مشکور ہیں جنہوں نے یہ مزار بحال کیا۔ کور کمانڈر نے مزار پر پھول رکھے اور شہید کے بلند درجات کے لئے فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر کورکمانڈر پشاور نے کیپٹں کرنل شیر خان شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور شہید کو خراج تحسین پیش کیا۔
مزار کی تعمیر نو اور تزین و آرائش پر کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے اہل خانہ اور علاقہ کی عوام نے پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔