لاہور(اُمت نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے والدین سے بچیوں کو بائیکس چلانے کی اجازت دینے کی اپیل کردی۔
لاہور میں پنک گیمز کی اختتامی تقریب سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ میں والدین سے کہوں گی کہ بچیوں کو بائیکس چلانے کی اجازت دیں، بائیکس چلانے سے بچیاں بااختیار ہوں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ فری موٹر بائیک اسکیم میں لڑکیوں کا بھی حصہ ہے، والدین بچیوں کو باہر نکلنے کی اجازت دیں، بچیاں اپنے کام خود کریں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ ہم آپ کےلیے سیکیورٹی اور سیفٹی کو بہتر کر رہے ہیں۔ والدین اپنی بچیوں کو بائیکس چلانے کی اجازت دیں تاکہ وہ بااختیار ہوں۔
اُن کا کہنا تھا کہ آج میں میٹرو بس میں بیٹھ کر یہاں آئی ہوں، میں آپ کی گیمز اور ٹیلنٹ دیکھ کر بہت خوش ہوں، وزیر کھیل سے کہوں گی کہ پنک گیمز کو پورے پنجاب تک پھیلائیں۔
مریم نواز نے پھول پیش کرنے والی بچی کو اسٹیج پر بلالیا تو وہ آبدیدہ ہوگئی اور وزیراعلیٰ پنجاب کو بچی نے بتایا کہ اس کے پاس اتنے ہی پیسے تھے کہ پھول لے آئی۔
اس پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ مجھے لگا اللّٰہ نے مجھے آپ کےلیے سی ایم پنجاب بنایا ہے، مجھے پرائز ڈسٹری بیوشن میں بلایا نہیں گیا تھا، میں آنا چاہتی تھی۔