اسلام آباد(اُمت نیوز)صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا 9 مئی کے سانحہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہنا ہے کہ یادگاروں اورشہداء کے مجسموں کی بے حرمتی ناقابل برداشت ہے۔
اُن کا کہنا ہے کہ شہداء نے ہمارے لئے قربانیاں دیں، پاک فوج کے لئے دل میں بہت احترام ہے ہر محب وطن شہری اپنی بہادر فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ دفاعی تنصیبات اور جناح ہاوس پر حملے کسی طور پر قابل قبول نہیں ہو سکتے۔
9 مئی کی وڈیوز دیکھ کر دل رنجیدہ اور آنکھیں نمدیدہ ہو جاتی ہیں۔ پاکستان کا وجود ایک مضبوط اور طاقتور فوج کے ساتھ وابستہ ہے ہمارے قومی شہداء کی بےدریغ قربانیاں کبھی بھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ہم سب اپنی فوج کے ساتھ تھے، ہیں اور انشاءاللہ ہمیشہ رہیں گے، ایک سال قبل آج کے دن ہونے والی مذموم سرگرمیوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ 9 مئی کے تمام گھناؤنے کرداروں کو ہر قیمت پرکیفرکردار تک پہنچنا چاہیے۔