لاہور (اُمت نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ماں جیسے پاکیزہ رشتے کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔
ماں کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ماں جیسی عظیم ہستی سے محبت کسی مخصوص دن سے بالاتر ہے، دنیا میں سب سے خوبصورت اور میٹھا لفظ ماں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیار، خلوص اور شفقت جیسے سچے جذبوں میں گوندھے ہوئے اس پاکیزہ رشتے کا کوئی نعم البدل نہیں، ماں کی گود میں سر رکھ کر باتیں کرنے اور سونے میں جو سکون ملتا ہے وہ دنیا کے قیمتی ترین بستر پر بھی نصیب نہیں ہو سکتا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے ماں کی دعاؤں سے اس مقام پر پہنچایا ہے، والدہ مرحومہ کی کمی زندگی کے ہر موڑ پر محسوس کرتا ہوں اور ان کی خوبصورت یادیں اور دعائیں ہمیشہ میرے ساتھ ہیں، تمام ماؤں کی عظمت کو سلام پیش کرتاہوں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ وطن کیلئے قربانیاں دینے والے شہداء کی ماؤں کو بھی سلیوٹ کرتا ہوں، دل سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہر ماں کو سلامت رکھے۔