آزاد کشمیر کے شہریوں نے پرامن تحریک چلائی اور تاریخ ساز لانگ مارچ کیا، فائل فوٹو
آزاد کشمیر کے شہریوں نے پرامن تحریک چلائی اور تاریخ ساز لانگ مارچ کیا، فائل فوٹو

آزاد کشمیر، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا احتجاج ختم کرنے کا اعلان

مظفر آباد: آزاد کشمیر میں عوامی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے مطالبات کی منظوری کے بعد احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

جموں کشمیر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے آزاد کشمیر میں جاری لانگ مارچ، ہڑتال اور احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے شہریوں نے پرامن تحریک چلائی اور تاریخ ساز لانگ مارچ کیا۔

انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے نتیجے میں حکومت نے آٹے اور بجلی کی قیمت میں کمی کردی جبکہ حکمراں اشرافیہ کی مراعات کے خاتمے کےلیے جوڈیشل کمیشن بنادیا، کشمیری عوام کی کامیاب جدوجہد پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کے دوران تمام گرفتار شدگان کو رہا کرکے مقدمات کو ختم کردیا جائے گا، لہذا کمیٹی لاک ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتی ہے۔

دوسری جانب آزاد کشمیر میں کئی روز کے پرتشدد مظاہروں اور ہڑتال کے بعد بازار اور دکانیں کھلنا شروع ہو گئیں، زندگی معمول پر آنے لگی۔

احتجاجی تحریک میں جاں بحق ہونے والے 2 شہریوں کی نمازِ جنازہ آج مظفر آباد میں جبکہ تیسرے کی نمازِ جنازہ شونڑالتہ میں ادا کی گئی۔

نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہریوں نے بازار اور دکانیں کھولنا شروع کر دیں۔3 افراد کے جاں بحق ہونے پر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر آج آزاد کشمیر بھر میں یوم سوگ منایا گیا۔