ایک بیگم صاحبہ کا گروپ ہے، ایک علیمہ خان کا گروپ ہے، فائل فوٹو
ایک بیگم صاحبہ کا گروپ ہے، ایک علیمہ خان کا گروپ ہے، فائل فوٹو

گردن کٹوادوں گا، پیچھے نہیں ہٹوں گا، فیصل واوڈا

اسلام آباد: سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ اپنے موقف پر کھڑا ہوں، اپنی عزت پرگردن کٹوا دوں گا، پیچھے نہیں ہٹوں گا۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ میں نے جو پریس کانفرنس میں کہا اس موقف پر کھڑا ہوں، اپنی عزت پرگردن کٹوا دوں گا، پیچھے نہیں ہٹوں گا، میں نے کسی جج کا نام لے کر کوئی بات نہیں کی،بالکل کہا کہ جو میری پگڑی اچھالے گا اس کی پگڑیوں کا فٹ بال بنا دوں گا، رؤف حسن نے ججوں کو ٹاؤٹ کہا اس پر سو موٹو نہیں، گورنر سندھ، عطا اللہ تارڑ، طلال چوہدری اور مصطفٰے کمال کو نہیں بلایا، مجھے سنگل آؤٹ کیا جا رہا ہے، سوال اٹھانے پر بھٹو کی طرح پھانسی دینا چاہتے ہیں تو حاضر ہوں، پراکسی کا ٹھپہ لگائیں تو میں آپ سے شواہد مانگوں گا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اللہ کا احسان ہے کہ مجھے ایک ایماندار چیف جسٹس کے سامنے جانے کا موقع مل رہا ہے، میں ان کو اپنا موقف بھی بتا سکوں گا اور شاید اتنی بڑی بڑی فائلوں کا کچھ حصہ، ارشد شریف قتل کیس، دیگر تضادات، کہ آپ کے لیے کافی دو سو روپے کی اور یہی کافی میرے لیے چھ سو روپے کی اور ایسی بہت ساری چیزیں کہ شاید وہ خوش ہوں کہ ایک پاکستانی اتنا آگے بڑھا ہے، دوسرا یہ کہ کوئی جرات مجھے دکھائے میرے نام کے ساتھ کہ فیصل واوڈا کسی کی پراکسی ہے اگر کوئی جج مجھ پر کھلم کھلا الزام لگائے گا تو اس کو ثابت کرنا پڑے گا۔