وزیراعظم سرکاری دورے پر آج متحدہ عرب امارات روانہ ہوں گے

 

اسلام آباد (اُمت نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سرکاری دورے پر آج متحدہ عرب امارات روانہ ہوں گے۔

ترجمان کے مطابق یہ وزیراعظم کا اپنے انتخاب کے بعد متحدہ عرب امارات کا پہلا دورہ ہوگا، وزیراعظم کے ہمراہ کابینہ کے اہم وزراء پر مشتمل ایک اعلیٰ سطح وفد بھی ہوگا۔

وزیراعظم کی امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید سے ملاقات متوقع ہے، دونوں رہنما تجارت اور سرمایہ کاری پر خصوصی تبادلہ خیال کریں گے۔

ترجمان وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ دونوں رہنما پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف کی دیگر اماراتی شخصیات، کاروباری شخصیات اور مالیاتی اداروں کے سربراہان سے بھی ملاقاتوں کا امکان ہے۔

ترجمان کے مطابق شہباز شریف کا دورہ، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان کثیر جہتی دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔