وزیراعظم کی زیرصدارت ایس آئی ایف سی کا اجلاس آج ہوگا

اسلام آباد: (اُمت نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کا دسواں اجلاس آج ہو گا۔

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا اجلاس دن ایک بجے وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا اور اس حوالے سے اجلاس کا ایجنڈا بھی جاری کردیا گیا ہے۔

ایس آئی ایف سی اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کو مدعو کیا گیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو بھی ایس آئی ایف سی اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ، وزیرخزانہ محمد اورنگزیب، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال، وزارت تجارت جام کمال خان، وزیر قانون وانصاف اعظم نذیر تارڑ اور وزیر آبی وسائل کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار بھی ایس آئی ایف سی اجلاس میں شرکت کریں گے جبکہ چاروں چیف سیکرٹریز کو بھی اجلاس میں طلب کیا گیا ہے، اجلاس میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے گزشتہ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ ایس آئی ایف سی ایک اہم پلیٹ فارم ہے جسے جاری رکھا جائے گا، معاشی چیلینجز سے نمٹنے کے لیے سب کا مل بیٹھنا خوش آئند اور وقت کی ضرورت ہے۔