اسلام آباد(اُمت نیوز)پاک بحریہ نے بحری جنگی جہاز پی این ایس اصلت ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی گشت پر بحر ہند میں تعینات کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پی این ایس اصلت مخصوص ہیلی کاپٹر کے ساتھ پاکستانی بندرگاہوں پر آنے اور جانے والے تجارتی جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنائے گا ، پی این ایس اصلت کی تعیناتی کا مقصد بین الاقوامی جہاز رانی کی حفاظت کو بھی یقینی بنانا ہے۔
آئی ایس پی آر کاکہنا ہے کہ تعیناتی کے دوران پا ک بحریہ کا جہاز اپنے آپریشنز کے علاوہ دوست اور شراکت دار ممالک کے ساتھ مشترکہ آپریشنز میں بھی حصہ لے گا، پی این ایس اصلت بحری سفارت کاری کے تحت علاقائی بندرگاہوں کا دورہ بھی کرے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ جہاز جدید ترین ہتھیاروں اور سینسروں سے لیس ہے، جو کثیر الجہتی خطرات سے نمٹنے اور وسیع پیمانے پر میری ٹائم آپریشنز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، پاک بحریہ کے جنگی بحری جہاز ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول پر باقاعدگی سے فرائض سر انجام دیتے ہیں۔