فائل فوٹو
فائل فوٹو

جنرل سید عاصم منیر کاایرانی مسلح افواج کے سربراہ سے ٹیلی فونک رابطہ

راولپنڈی : آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور 19 مئی 2024 کو ہیلی کاپٹر کے افسوسناک حادثے میں صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ امیرعبداللہین اور دیگر اہم حکام کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ مرحوم صدر ابراہیم رئیسی ،وزیر خارجہ امیر عبداللہ غیر معمولی رہنما اور پاکستان کے سچے دوست تھے، دونوں رہنماؤں اور دیگر کا نقصان واقعی افسوسناک اور ناقابل تلافی ہے۔

آرمی چیف نے پاک فوج کے تمام رینک کی جانب سے مرحوم کی روح کے لیے نیک دعاؤں اور سوگوار خاندانوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کے ایران کے ساتھ تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات ہیں اور پاکستان اور ایران کی مسلح افواج ہمیشہ ایک ساتھ کھڑی ہیں۔

اس موقع پر جنرل محمد باقری نے دکھ بانٹنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا اور دونوں فوجوں کے درمیان تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔