اسلام آباد کے شہریوں کی سہولت کیلئے 5 بڑے منصوبوں کا اعلان

 

اسلام آباد(اُمت نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے شہریوں کی سہولت کیلئے 5 بڑے منصوبوں کا اعلان کر دیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سی ڈی اے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے اہم فیصلے کئے،اس موقع پر وزیر داخلہ نے اسلام آباد میں کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کے اجراء اور کیپیٹل ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا، کیپیٹل سیف سٹی اتھارٹی اور سی بی ڈی اسلام آباد کا بھی قیام عمل میں لایا جائے گا، اسلام آباد کے شہریوں کی سہولت کیلئے کیپیٹل واسا بھی بنے گا۔

وفاقی وزیرداخلہ نے چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کو ٹاسک دے دیا،محسن نقوی کا کہنا تھا کہ تمام اقدامات کا مقصد اسلام آباد کے شہریوں کو بہترین اور تیز رفتار خدمات فراہم کرنا ہے، انشاءاللہ جلد اسلام آباد کو ایک مثالی شہر بنائیں گے۔

وزیر داخلہ نے سی ڈی اے ہیڈکوارٹر کے دورے کے دوران ایمبولینس 1122 اور فائر بریگیڈ کے عملے سے ملاقات کی اور جانفشانی سے فرائض کی ادائیگی کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ایمبولینس، فائر بریگیڈ اور واٹر ریسکیو سروس کو کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کے تحت یکجا کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں 1122 پر کال کر کے ایمرجنسی سروسز حاصل کر سکیں گے، یونیفائیڈ ایمرجنسی کنٹرول روم کا قیام عمل میں لایا جائے گا، گاڑیوں کی جی پی ایس کے ذریعے لائیو ٹریکنگ کی جائے گی، عملے کی ٹریننگ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

وزیر داخلہ نے شہر میں ایمرجنسی سروسز 1122 کے نئے سٹیشن قائم کرنے کی بھی ہدایت کی اور منظور شدہ خالی آسامیوں پر میرٹ پر بھرتیوں کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں ایمبولینسز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا،چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن اور ایمرجنسی سروسز کے دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔