اسلام آباد(اُمت نیوز)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ میاں صاحب سے 35 سال کا ذاتی تعلق ہے، رہے گا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت کا مینڈیٹ مشکوک ہو تو وہ ملک نہیں چلا کرتے، ہمیں ان بنیادی معاملات کو درست کرنا پڑے گا ورنہ مشکل آئے گی۔
شاہد خاقان عباسی سے سوال کیا گیا کہ میاں صاحب نے کل آپ کی قربانیوں کو سراہا ہے کیا میاں صاحب سے ابھی بھی تعلق ہے۔
اس سوال پر شاہد خاقان نے جواب دیا کہ میاں صاحب سے 35 سال کا تعلق ہے، ذاتی تعلق ہے، رہے گا، میاں صاحب نے بات کردی مہربانی ان کی بڑائی ہے، میاں صاحب وضع دار آدمی ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اس سیاست سے متفق نہیں جس کا چناو مسلم لیگ ن نے کیا ہے، عوام کی رائے کے حق میں ہوں۔
صحافی کے ایک سوال پر شاہد خاقان نے جواب دیا کہ حکومت اتنے دن ہی چلے گی جتنے دن لانے والے چاہیں، ایس آئی ایف سی کو زیادہ جانتا نہیں ہوں، ایس آئی ایف سی کا مقصد کیا ہے وہ بھی سمجھ نہیں آتا، بحرحال اس کیلئے دعاگو ہوں۔