چند روز قبل حیدرآباد کے علاقے پریٹ آباد میں گیس سلنڈر کی دکان میں دھماکا ہوا تھا، فائل فوٹو
چند روز قبل حیدرآباد کے علاقے پریٹ آباد میں گیس سلنڈر کی دکان میں دھماکا ہوا تھا، فائل فوٹو

حیدرآباد، گیس سلنڈر دھماکے کے مزید 4 زخمی دم توڑ گئے، اموات 18 ہوگئیں

حیدرآباد میں گیس سلنڈر دھماکے کے مزید 4 زخمی دم توڑ گئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 18 ہوگئی۔

انتظامیہ کے مطابق حیدرآباد سلنڈر پھٹنے سے شدید زخمی ہونے والے مزید 4 افراد کراچی کے سول برنس وارڈ میں دم توڑ گئے، جس کے بعد جاں بحق والوں کی تعداد 18 تک پہنچ گئی، جن میں 11 بچے شامل ہیں۔

آج جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 14 سالہ عباس علی، 15 سالہ عمیر، 17 سالہ لڑکی علیشہ اور 25 سالہ دو دو کے نام سے ہوئی ہے، عباس اور دو دو 100،100 فیصد ، عمیر 67 فیصد اور علیشہ 26 فیصد جھلس چکی تھی۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کے جسم کا 100 فیصد حادثے میں جھلس چکا تھا، انسانی جسم اگر 50 فیصد سے زائد جھلس جائے تو بچنے کا امکان ناممکن ہوتا ہے۔

سول اسپتال برنس وارڈ میں 6 زخمی زیر علاج ہیں جن کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے، جھلس کر جاں بحق ہونےوالوں میں خواتین اوربچے بھی شامل ہیں۔گزشتہ روز بھی 3 زخمی سول برنس وارڈ میں دوران علاج دم توڑ گئے تھے۔

چند روز قبل حیدرآباد کے علاقے پریٹ آباد میں گیس سلنڈر کی دکان میں دھماکا ہوا تھا جس کے بعد آگ بھڑک اٹھی تھی، آتشزدگی کے باعث دکان میں موجود کئی سلنڈر دھماکوں سے پھٹ گئے تھے۔

دھماکے اور آتشزدگی سے آس پاس کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ آگ کے باعث متعدد افراد بھی جھلس گئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔