فائل فوٹو
فائل فوٹو

ن لیگ کا پارلیمانی اجلاس،تنخواہوں میں 25 فیصد اضافے کی تجویز

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی نے گریڈ ایک سے سولہ تک سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافے کی سفارش  کردی۔

تفصیلات کے مطابق آج ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں رہنماؤں نے پارٹی قیادت کو گریڈ ایک سے 16 تک سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اور گریڈ 17 سے 22 تک سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافہ کی سفارش کی۔

اطلاعات کے مطابق ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی سفارشات کو کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

اس موقع پروزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک کو معاشی مشکلات کے منجھدار سے نکال کر استحکام کی سمت میں لائے، تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے اپنی سیاست کو قربان کرکے پاکستان کی معیشت کو بچایا، اللہ رب العزت کی مدد اور میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ہم نے اس ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک کو دیوالیہ کرنے کے خواب دیکھنے والوں کی سازشیں دھری کی دھری رہ گئیں، سازشی ٹولے نے اس ملک کی سلامتی کو خطرے میں ڈالا، اس ملک کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی بے حرمتی کی، برسہا برس سے عملی سیاست میں ہوں مگر ایسی انتشار سے بھرپور سیاست پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ دیکھی۔

شہباز شریف نے کہا کہ اللہ رب العزت نے دوسری بار خادم پاکستان کی ذمہ داری دی تو قوم کی مشکلات کے ازالے کا عہد کیا، مجھے امید ہے کہ میری کوششیں اور محنت آپ سب اور عوام کی امیدوں پر پوری اتر رہی ہوں گی، برادرانہ ممالک اور سرمایہ کاروں کا حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد اور ملک میں بڑھتی ہوئی غیر ملکی سرمایہ کاری حکومتی ٹیم کی محنت کا ثمر ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بجٹ میں جس قدر ہو سکا، عام آدمی کو ریلیف دیں گے، اس ملک کے مزدور، کسان اور تنخواہ دار طبقے کے ریلیف کیلئے اقدامات کریں گے، آپ سب اور اتحادی جماعتوں نے مجھ پر اعتماد کیا، حکومت کی پالیسیوں کی عام آدمی اور ملکی مفاد میں بھرپور حمایت کی، جس پر تہہ دل سے مشکور ہوں۔

واضع رہے وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال 2024-25 کا وفاقی بجٹ آج قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔