اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے بجٹ اجلاس کا بائیکاٹ ختم کر دیا۔ ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار سید نوید قمر اور خورشید شاہ کو لے کر ایوان میں پہنچ گئے۔

حکومتی کمیٹی کی بلاول بھٹو سے ملاقات کے بعد نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا آج قوم کو خوشخبری ملے گی ،  جس کے خورشید شاہ، نوید قمر ،اعجاز جاکھرانی سمیت کئی اہم رہنما اجلاس میں شرکت کیلئے ایوان میں چلے گئے۔

قبل ازیں  پیپلزپارٹی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں بجٹ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا،پارلیمانی پارٹی کے اراکین نے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی رائے دی، جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ پیپلزپارٹی بجٹ اجلاس میں شریک نہیں ہوگی۔
پیپلز پارٹی کی سیکریٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی شازیہ مری  کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے، پی ایس ڈی پی بناتے وقت ہم سے مشاورت نہیں کی گئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب تک ہمارے خدشات پر بات نہیں ہوگی بجٹ اجلاس میں نہیں بیٹھیں گے، پیپلز پارٹی قومی اسمبلی میں صرف کورم پورا کرنے کیلیے نہیں بیٹھے گی، بجٹ سیشن کے بائیکاٹ کا فیصلہ حتمی ہے، صدر آصف زرداری اور وزیر اعظم کی ملاقات میں بجٹ پر بات نہیں ہوئی تھی، ہمیں بجٹ پر بریفنگ دی گئی لیکن ہمارے تحفظات کو حل نہیں کیا گیا۔