اسلام آباد ،علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر خزاں 2023ء کے میٹرک، ایف اے امتحانات میں فیل ہونے والے طلبہ جن کے رزلٹ میں FER-1اور FER-2لکھا ہے انہیں امتحان دینے کے لئے 27جون 2024ء تک سی ایم ایس(CMS)پورٹل پر کورس رجسٹریشن کا موقع فراہم کیا ہے۔واضح رہے کہ FER-1کا مطلب فیل ہونے والے طلبہ کو امتحان میں دوبارہ شرکت کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے، اگر رزلٹ میں کسی کورس کے سامنے FER-2لکھا گیا ہے، اس کا مطلب ہے کہ پہلا موقع ختم ہوگیا ہے اور طالب علم دوسرے موقع سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔طلبہ ری ائیپر کے بارے میں مزید معلومات قریبی ریجنل آفسز سے حاصل کرسکتے ہیں۔ یونیورسٹی نے یوم تکبیر پر ملک بھر میں اورآزاد جموں و کشمیر میں امن و امان کی وجہ سے ملتوی شدہ امتحانات کا نیا شیڈول بھی جاری کردیا ہے، یوم تکبیر پر ملتوی شدہ امتحانات اب 28جون کو ملک بھر کے امتحانی مراکز میں منعقد ہوں گے جبکہآزاد کشمیر میں 10مئی کو ملتوی شدہ امتحانات 3جولائی، 11مئی کے ملتوی شدہ امتحانات 29جون، 13مئی والے امتحانات یکم جولائی جبکہ 14مئی کو ملتوی شدہ امتحانات اب 2جولائی کو منعقد ہوں گے۔نئی ڈیٹ شیٹ یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر فراہم کردی گئی ہے۔شعبہ امتحانات سے جاری کردہ ڈیٹ شیٹ کے مطابق پہلے سے جاری کردہ رول نمبر سلپس امتحانات میں شرکت کے لئے کارآمد ہوں گی۔امتحانی مراکز میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
دریں اثناء شعبہ ارلی چائلڈ ہڈ ایجوکیشن و ایلمنٹری ٹیچر ایجوکیشن، کلیہ تعلیم کی جانب سے ” ابتدائی بچپن کی تعلیم اور ترقی” کے عنوان پر ایک ویبینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کی صدارت، ڈین کلیہ تعلیم، پروفیسر ڈاکٹر فضل الرحمان نے کی۔ کلیدی مقررین میں یونیورسٹی آف ساؤتھ افریقہ کی ڈاکٹر لی روکس گٹرویدا، آغا خان یونیورسٹی سیڈاکٹر شلینا بھامانی اور روپانی فاؤنڈیشن سے پری بانو شامل تھیں۔مقررین نے ابتدائی تعلیم کے حوالے سے درپیش مسائل اور ان کے حل پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی عمر میں بچے کی تعلیم و ترقی پر بہت تحقیق کی ضرورت ہے۔ ویبینار کی میزبانی کے فرائض ڈاکٹر مبشرہ طفیل نے سرانجام دیے جبکہ فیکلٹی ممبران سمیت طلبہ کی کثیر تعداد نے ویبینار میں شرکت کی۔