کراچی کے علاقے ناظم آباد میں واقع پیٹرول پمپ و غالب لائبریری انڈر پاس خستہ حالی کا شکار ہے، اس کی چھت سے متصل دیواروں کا گرتا پلستر کسی بھی حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔
مذکورہ انڈر پاس کی حفاظتی دیواروں سے سریا بھی اکھڑنے لگا ہے جو صاف نظر آ رہا ہے۔
پلستر گر کر کسی بھی گاڑی کو نقصان پہنچا سکتا ہے اور اگر اس کی فوری مرمت نہیں کی گئی تو یہ انڈر پاس کی مزید تباہی کا سبب بنے گا۔
اہلِ علاقہ نے ناظم آباد انڈر پاس کی مذکورہ دیواروں کی فوری مرمت کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس ان ہی دیواروں پر نصب بورڈ نیچے جا گرا تھا جس کے نتیجے میں بورڈ کی زد میں آ کر 1 شخص جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے تھے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو پیش کی گئی واقعے کی ڈی جی ٹیکنیکل سروسز کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ نشے کے عادی افراد نے انڈر پاس کے سریے کاٹے، جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔
رپورٹ کے مطابق نشے کے عادی افراد کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے ہیں، نشے کے عادی افراد انڈر پاسز پر نکاسیٔ آب کے لیے لگی موٹریں بھی چرا چکے ہیں۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ہدایت کی تھی کہ کے ایم سی افسران اور عملہ ایسے افراد کے خلاف سخت ایکشن لے۔