اسلام آباد: عدت میں نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی اپیلیں مسترد کر دی گئیں۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ کی سزا معطلی پر فیصلہ سنایا۔ عدالت نے دن تین بجے فیصلہ سنانے کا وقت مقرر کر رکھا تھا۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ عدالت نے 10 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ بھی جاری کر دیا ہے۔
جج افضل مجوکا نے کہاکہ دونوں درخواستیں مسترد کی جاتی ہیں،بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی عدت نکاح کیس میں سزا برقرار رکھی گئی ہے۔
جج افضل مجوکا نے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ مجرمان دفعہ 426کے تحت قابل ضمانت جرم میں ضمانت کے دعویدار نہیں ہو سکتے،قانون کے تحت خاتون مجرم بھی ضمانت کی دعویدار نہیں ہو سکتی،ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکاکا تفصیلی فیصلہ 10صفحات پرمشتمل ہے۔
جج افضل مجوکا نے تفصیلی فیصلے میں متعدد فراڈ شادی سے متعلق عدالتی فیصلوں کا حوالہ بھی دیا ہے۔
یاد رہے کہ 3فروری کو عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو سات سات سال قید کی سزا سنائی تھی۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی نے سزا معطلی کے لیے متفرق درخواستیں دائر کی تھیں۔ اب عدت میں نکاح کیس میں سزا کے خلاف مرکزی اپیلوں پر سماعت 2 جولائی کو ہوگی۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی توشہ خانہ اور سائفر مقدمات میں پہلے ہی بری ہوچکے ہیں جبکہ 190ملین پاونڈ کیس میں بھی بانی پی ٹی آئی کی ضمانت منظور ہو چکی ہے۔
علاوہ ازیں لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد میں درج 9 مئی کے کیسز میں بھی بانی پی ٹی آئی ضمانت پر ہیں۔
ایف آئی اے ریاست مخالف ویڈیو ٹویٹ پر بانی پی ٹی آئی سے دو بار جیل میں تفتیش کرچکی ہے، اس معاملے پر بانی پی ٹی آئی کے خلاف تاحال کوئی نیا مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے جبکہ فی الوقت بانی پی ٹی آئی کے خلاف کوئی نیا کیس کہیں پر بھی دائر نہیں ہوا ہے۔
یاد رہے کہ 25 نومبر 2023ءکو خاور مانیکا نے سول جج قدرت اللہ کی عدالت میں شکایت دائر کی تھی۔