ہم ہائیکورٹ میں فیصلے کو چیلنج کریں گے، فائل فوٹو
ہم ہائیکورٹ میں فیصلے کو چیلنج کریں گے، فائل فوٹو

پی ٹی آئی کا عدت کیس سزا کیخلاف فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عدت کیس میں سزاؤں کو معطل کرنے کی درخواستیں مسترد ہونے اور 7، 7 سال سزا برقرار رکھنے کے عدالتی فیصلے پر پارٹی کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ ہم ہائیکورٹ میں فیصلے کو چیلنج کریں گے۔

پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے عدالت کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنا قانونی حق رکھتے ہیں،اس کیس میں کوئی پیچیدگی نہیں،فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کریں گے۔

ان کا کہناتھا کہ کل قومی اسمبلی میں شہبازشریف کو واضح کہا،ہمارے لیڈروں اور اسیران کی رہائی تک کسی سے بات چیت نہیں ہوگی۔انہوں نے کہاکہ عالیہ حمزہ کے دستخط استعمال کئے جا رہے ہیں،جیل میں ہمارے قیدیوں کو سہولتیں نہیں دی جا رہیں۔

نہوں نے مزید کہا کہ ہم اس فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرنےکا قانونی حق رکھتے ہیں، یہ ایک میاں، بیوی کے درمیان کا معاملہ ہے، اس معاملے کو سیاست کی نذر کیا گیا۔

عمر ایوب نے کہا کہ کل فارم 47 کے مسٹر شہباز شریف، وہ وزیر اعظم نہیں ہیں، ان کو میں نے کل اسمبلی میں بر ملا کہا کہ جب تک میرے وزیر اعظم عمران خان، شاہ محمود قریشی، بشریٰ بی بی، چوہدری اعجاز، میاں محمود الرشید، حسان نیازی، عمر سرفراز چیمہ، ڈاکٹر یاسمین راشد، صنم جاوید، عالیہ حمزہ سمیت ہمارے تمام اسیر رہنماؤں کی رہائی اور ان پر عائد الزامات ختم کیے جانے تک کسی قسم کی بات چیت نہیں ہوگی۔