ایف آئی آر ہماری مرضی سے نہیں ہوئی، فائل فوٹو
ایف آئی آر ہماری مرضی سے نہیں ہوئی، فائل فوٹو

خاتون کی ہلاکت، نیشنل ہائی وے احتجاج کے باعث 16 گھنٹے سے بند

 

کراچی(اُمت نیوز)شہر قائد میں خاتون کی مبینہ پولیس فائرنگ سے ہلاکت پر نیشنل ہائی وے گزشتہ روز دوپہر سے بند ہے، خاتون کے لواحقین شدید احتجاج کر رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں نیشنل ہائی وے احتجاج کے باعث 16 گھنٹے سے بند ہے، گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، یہ احتجاج اسٹیل ٹاؤن پولیس مقابلے میں خاتون کے جاں بحق ہونے پر کیا جا رہا ہے۔

دو روز قبل پولیس مقابلے کے دوران راہگیر خاتون جاں بحق ہوئی تھیں، لواحقین کا کہنا ہے کہ خاتون کو پولیس کی گولی لگی، ایس ایچ او کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

مظاہرین نے اسٹیل ٹاؤن تھانے پر دھرنا دے دیا ہے، جس کی وجہ سے بدترین ٹریفک جام ہے، گھگر پھاٹک تک گاڑیوں کی لائنیں لگ گئی ہیں، پولیس نے مذاکرات کیے نہ لواحقین کے مطالبے پر مقدمہ درج کیا، جس سے اطراف کے مسافر بری طرح رل گئے ہیں۔

مظاہرین کی جانب سے واقعے کا مقدمہ پولیس پارٹی کے خلاف درج کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، جب کہ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑا جا رہا ہے۔

ٹھٹھہ جانے والی ٹریفک کو پورٹ قاسم سے مہران ہائی وے موڑا جا رہا ہے، ٹھٹھہ سے آنے والی ٹریفک کو آئی سی آئی مل سے پورٹ قاسم، اور کاٹھور سے آنے والی ٹریفک کو سومار گوٹھ سے میمن گوٹھ موڑا جا رہا ہے۔