ایک ہفتہ قبل مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 16 سو روپے تھی، فائل فوٹو
ایک ہفتہ قبل مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 16 سو روپے تھی، فائل فوٹو

پشاور میں ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کا تھیلا 400 روپے مہنگا

پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کی قیمت میں 400 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

پشاور میں ایک ہفتے میں آٹے کی فی کلو قیمت میں 20 روپے کا اضافہ ہوگیا، 20 کلو آٹے کا تھیلا 1600 روپے سے بڑھ کر 2000 روپے کا ہوگیا جبکہ 20 کلو فائن آٹے کی قیمت 1800 روپے سے بڑھ کر 2200 سو روپے ہوگئی۔

ڈیلرز کا کہنا ہے کہ صوبے میں گندم مارکیٹ میں نہ آنے کی وجہ سے آٹا مہنگا ہو رہا ہے۔ہول سیل مارکیٹ میں مکس آٹے کا 20 کلو تھیلا 2 ہزار روپے جبکہ فائن آٹے کا 20 کلو کا تھیلا ہول سیل مارکیٹ میں 2200 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

آٹا ڈیلرز کا کہنا ہے کہ گندم اسٹاک ہونے کے باعث قیمتوں میں اضافہ برقرار ہے، واضح رہے ایک ہفتہ قبل مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 16 سو روپے تھی۔

دوسری جانب پشاور اسلام آباد سمیت ملک بھر میں ٹماٹر آلو اور دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس سے مہنگائی کے ستائے عوام کی پریشانی مزید بڑھ گئی ہے۔