ورلڈ چمپئین شپ آف لیجینڈز؛ آسٹریلیا نے بھارت کو دھول چٹادی

برمنگھم (اُمت نیوز)ورلڈ چمپئین شپ آف لیجینڈز کے مقابلے میں آسٹریلیا نے بھارت کو 26 رنز سے شکست دیکر دھول چٹادی۔

ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے مقابلے میں آسٹریلیا چیمپئینز کی ٹیم نے بھارت کیخلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے، شان مارش 41 جبکہ لوئر مڈل آرڈر میں ڈینیل کرسچن نے 33 گیندوں پر 69 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 7 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔

ان کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں میں بین ڈنک 17، لوکی فرگوسن 26 اور بین کٹنگ 24 رنز بناکر نمایاں رہے۔

ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا، اوپنر روبن اتھاپا 12، عرفان پٹھان 9 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، مڈل آرڈر میں یوسف پٹھان نے 78 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی تاہم وہ بھی ٹیم کو کامیابی دلوانے میں ناکام رہے۔

دیگر کھلاڑیوں میں شریش رائنا 12، کپتان یورواج سنگھ 19، پون نیگی 11 جبکہ ہربھجن سنگھ 4 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹر سڈل اور نتھین کوالٹر نائل نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ایونٹ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرچکی ہیں جبکہ بھارت، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تیسری اور چوتھی پوزیشن کیلئے مقابلہ جاری ہے۔

قومی لیجنڈز کرکٹ ٹیم ایونٹ میں 4 میچز میں 4 فتوحات کیساتھ ناقابل شکست ہے۔