فائل فوٹو
فائل فوٹو

لاہور میں طوفانی بارش، سڑکیں، گلیاں تالاب بن گئیں

لاہور، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ کہیں موسلادھار اور کہیں وقفے وقفے سے ہلکی بارش نے سڑکوں اور گلیوں کو تالاب بنا دیا۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں علی الصبح تیز ہوا کیساتھ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی، صوبائی دارالحکومت لاہور میں شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، گوالمنڈی، قرطبہ چوک، ڈیوس روڈ، مال روڈ، اچھرہ، قینچی، چونگی امر سدھو، گجومتہ، اسلامپورہ، بند روڈ، انار کلی، شالامار باغ، ماڈل ٹاؤن، گلبرگ، گارڈن ٹاؤن سمیت دیگر مقامات پر بادل برسے۔

لاہور میں سب زیادہ بارش تاجپورہ میں 203 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ گلشن راوی میں 133، مغلپورہ میں 132 اور اقبال ٹاؤن میں 110 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ چوک ناخدا پر 88، قرطبہ چوک 70، سمن آباد 65، ایئرپورٹ 59، اپر مال 51، گلبرگ 41، نشتر ٹاؤن 40، جیل روڈ 38 اور فرخ آباد میں 35 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔

ہربنس پورہ، ڈیوس روڈ، گوالمنڈی، چوبرجی، سبزہ زار میں پانی ہی پانی ہو گیا جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو گئی جبکہ بارشی پانی گھروں میں داخل ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

دوسری جانب لاہور میں ہونیوالی بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہو گیا، بارش سے لیسکو کے 330 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔

فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی بند ہو گئی، بجلی کی بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔