کراچی؛ سی ٹی ڈی پولیس نے دہشت گرد ہدایت اللہ کو گرفتار کرلیا

 

کراچی(اُمت نیوز) کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ ( سی ٹٰی ڈی) نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے رکن ہدایت اللہ کو گرفتار کرلیا۔

سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دہشت گرد ہدایت اللہ کو کراچی کے علاقے سائٹ میں ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔ کالعدم تنظیم کے رکن ہدایت اللہ سے چندے کی رقم 6 ہزار روپے بھی برآمد کر لیے گئے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گرفتار دہشت گرد کا والد محمد غوث سن 2000 میں افغانستان میں آپریشن کے دوران مارا گیا تھا جبکہ اس کا ایک بھائی فضل اللہ سوات آپریشن کے بعد سے لاپتا ہے۔ ہدایت اللہ کراچی میں چندہ جمع کرکے اپنے ساتھیوں کو بھیجتا تھا۔ پولیس ہدایت اللہ کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔