امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے ملاقات

 

اسلام آباد(اُمت نیوز)امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے وزارت داخلہ میں وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی۔

ملاقات میں پاک امریکا تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات، سیکیورٹی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والےاداروں کی استعداد کار بڑھانے میں امریکی تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

محسن نقوی کا کہنا ہے کہ باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں وزارت داخلہ بھرپور معاونت کرے گی، حالیہ دورۂ نیویارک میں اسلام آباد پولیس اور نیویارک پولیس کے درمیان تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی، اسلام آباد پولیس کا وفد جلد نیویارک کا دورہ کرے گا، اسلام آباد پولیس کے افسران کو نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ سے ٹریننگ کے خواہشمند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مقیم تمام اقلیتوں کو آئین پاکستان کے تحت مساوی حقوق حاصل ہیں، اقلیتوں کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، اس ضمن میں ہرممکن اقدامات کریں گے، جڑانوالا سانحے کے تمام ملزمان کو گرفتار کر کے قانوں کے سامنے پیش کیا گیا۔

وزیرِ داخلہ کا کہنا ہے کہ امریکا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا انعقاد کامیاب رہا، بہترین انتظامات کیے گئے، امریکا بین الاقوامی کرکٹ کی نئی منزل بنا ہے، پاکستان، امریکا اور کینیڈا کی سہ ملکی سیریز، امریکا اور کینیڈا میں ایک کرکٹ لیگ کے انعقاد پر کام کر رہے ہیں۔

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ شائقین کی بڑی تعداد دلچسپ اور سنسنی خیز میچوں سے محظوظ ہوئی۔