اسلام آباد(اُمت نیوز) مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں13 جولائی 1931 کو سنٹرل جیل کے احاطہ میں 22 کشمیری نوجوانوں نے اذان مکمل کرتے ہوئے ڈوگرہ حکومت کے ہاتھوں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے کشمیری عوام ہر سال 13 جولائی کو یوم شہدائے کشمیر کے نام سے مناتے ہیں۔
1931 ء کے شہداء کی ان قربانیوں کو تحریک آزادی جموں وکشمیر کی بنیاد تصور کیا جاتا ہے اور آج بھی کشمیری عوام اپنے حقوق کیلئے 13 جولائی کے شہداء کو سامنے رکھ کر اپنی جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
گزشتہ نوے سال سے زائد عرصہ سے کشمیری عوام 13 جولائی کے شہداء کے مشن کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے لاکھوں جانیں قربان کر چکے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں اور حریت پسند سیاسی قیادت کی ایک بڑی تعداد آج بھی بھارتی جیلوں میں نظر بند ہے۔