چیف منسٹر کلائمیٹ لیڈرشپ ڈویلپمنٹ انٹرنشپ پروگرام کا آغاز

لاہور(اُمت نیوز)میرا پنجاب اسموگ فری کے تحت صوبے میں چیف منسٹر کلائمیٹ لیڈرشپ ڈویلپمنٹ انٹرنشپ پروگرام کا آغاز ہوگیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ اسموگ کے مستقل سدباب کے لیے مل جل کر اقدامات کرنا ہوں گے، اسموگ فری پنجاب انیشی ایٹو کے تحت ینگ گریجوایٹس کمیونٹی سروس کی منفرد خدمات سر انجام دیں گے۔
مریم نواز نے بتایا کہ گزشتہ 2 سال میں اپنی ڈگری مکمل کرنے والے گریجوایٹ اپلائی کر سکتے ہیں، چیف منسٹر پنجاب کلائمیٹ لیڈر شپ ڈویلپمنٹ انٹرنشپ پروگرام کے تحت انٹرنز کو ماہانہ 25 ہزار اسکالر شپ دیا جائے گا۔ کلائمیٹ لیڈر شپ ڈویلپمنٹ انٹرن شپ پروگرام کمیونٹی سروس اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کلائمٹ لیڈرشپ ڈویلپمنٹ انٹرن شپ پروگرام میں 20 جولائی 2024 تک رجسٹریشن کروائی جا سکتی ہے، انٹرن شپ مکمل کرنے والے 18 تا 25 سال تک نوجوانوں کو کمیونٹی سروس سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔ انوائرمنٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ اور پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے کمیونٹی سروس سرٹیفکیٹ ملے گا-

مریم نواز شریف نے اپیل کی کہ عوام اسموگ کے سنجیدہ مسئلے کے حل کے لیے حکومت کا ساتھ دیں، گاڑیوں اور کارخانوں سے دھویں کے اخراج کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ زیادہ سے زیادہ شجرکاری کی جائے۔ پلاسٹک کے استعمال میں کمی لائی جائے اور فصلوں کی باقیات کو جلانے سے گریز کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج ہم اپنے ماحول کو صاف رکھنے کی کوشش نہیں کریں گے تو کب اور کون کرے گا؟ انشاء اللہ اس سال پنجاب حکومت کے اقدامات سے اسموگ میں کمی آئے گی۔