علی محمد خان نے پی ٹی آئی سیکریٹریٹ میں بیان حلفی جمع کرا دیا

اسلام آباد(اُمت نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے پی ٹی آئی سیکریٹریٹ میں بیان حلفی جمع کرا دیا۔

بیان حلفی میں علی محمد خان نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی امیدوار کی حیثیت سے حلقہ این اے 23 سے الیکشن لڑا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سپورٹ کیا اور پارٹی ووٹرز کے ووٹ حاصل کیے، پی ٹی آئی کی وجہ سے میں الیکشن جیتا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل سپریم کورٹ آف پاکستان نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا تھا۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ یہ فیصلہ 8 کی اکثریت کا ہے، جو جسٹس منصور علی شاہ نے لکھا ہے۔

جسٹس منصور علی شاہ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا گیا ہے، الیکشن کمیشن کا فیصلہ آئین کے خلاف ہے، انتخابی نشان کا نہ ملنا کسی سیاسی جماعت کو انتخابات سے نہیں روکتا، پاکستان تحریکِ انصاف ایک سیاسی جماعت تھی اور ہے، پی ٹی آئی مخصوص نشستوں کے حصول کی حق دار ہے، تحریکِ انصاف اس فیصلے کے 15 روز میں اپنے مخصوص افراد کی نشستوں کے نام کی فہرست دے۔