فائل فوٹو
فائل فوٹو

جعلی حکومت کو اپنا خاتمہ نظر آرہا ہے، علی امین گنڈاپور

پشاور: وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پی ٹی آئی پر پابندی کیلیے کارروائی کے حکومتی فیصلے پر ردعمل میں کہا ہے کہ جعلی حکومت کو اپنا خاتمہ نظر آرہا ہے اس لیے بوکھلاہٹ میں احمقانہ بیانات دے رہے ہیں، یہ جو بھی کریں ہم ان کا بھر پور مقابلہ کریں گے۔

وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ موجودہ وفاقی حکومت مینڈیٹ چور ہے اور جعلی طریقے سے اقتدار پر قابض ہے، کیا فارم 47 کی بنیاد پر بنی حکومت پی ٹی آئی پر پابندی لگائے گی؟

انہوں نے کہا کہ پابندی لگانے کا فیصلہ جعلی حکومت کی خواہش ہے، تمام تر فسطائیت اور ہر قسم کے حربے استعمال کرنے کی باوجود مینڈیٹ چور حکومت کو منہ کی کھانی پڑھ رہی ہے، مینڈیٹ چوروں کی حکومت حواس باختہ ہوچکی ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ کیا یہ ملک ان کے باپ کا ہے کہ یہ جو دل میں آئے فیصلے کریں؟

ان کا کہنا تھا کہ مخصوص نشستوں پر فیصلہ سپریم کورٹ نے آئین کے مطابق کیا ہے، ان کو اسی فیصلے پر تکلیف ہو رہی ہے، موجودہ مینڈیٹ چور سرکار نے خود ماضی میں سپریم کورٹ پر حملہ کیا تھا۔