پی ٹی آئی پر پابندی کے اعلان سے پہلے پیپلز پارٹی سے مشاورت نہیں کی گئی، شرجیل میمن

 

سندھ(اُمت نیوز)سندھ کے سینئر وزیر و پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی کے اعلان سے پہلے پیپلز پارٹی سے مشاورت نہیں کی گئی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو پولیس پر پیٹرول بموں سے حملے کیے گئے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خط لکھ کر کہا کہ پاکستان کو پیکج نہ دیا جائے، بانی پی ٹی آئی نے اداروں اور عوام کے درمیان نفرتیں پیدا کیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پرویز مشرف کے ریفرنڈم کی بھی حمایت کی تھی، پی ٹی آئی تحریک عدم اعتماد لانا چاہتی ہے تو یہ اس کا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے حوالے سے عدالت کا فیصلہ میری سمجھ سے باہر ہے، کیا پی ٹی آئی عدالت میں گئی کہ انہیں نشستیں ملنی چاہئیں؟

شرجیل میمن کا مزید کہنا تھا کہ جو آئین میں لکھا ہوا ہے وہ ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت کی جانب سے تحریک انصاف پر پابندی کی تجویز سامنے آئی تھی۔