لاہور: معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر کو اغوا کے بعد تاوان وصول کرکے چھوڑ دیا گیا، ڈرامہ نگار نے اپنے ساتھ پیش آئے واقعے پر پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرا دیا۔ پولیس نے خاتون سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
معروف رائٹر خلیل الرحمان قمر بھی ہنی ٹریپ ہوگئے، آمنہ عروج نامی خاتون نےخلیل الرحمان کوگھربلا کرساتھیوں کےہمراہ تشدد کا نشانہ بنایا اورلوٹ لیا، آرگنائزڈ کرائم یونٹ نے خاتون سمیت 4 ملزم گرفتارکر کےواقعہ کی تفتیش شروع کردی۔
ڈرامہ نگاراورمعروف رائٹرخلیل الرحمان قمرکوآمنہ عروج نامی خاتون نے ڈرامہ بنانے کا جھانسہ دیکراپنے گھربلایا۔خلیل الرحمان کمرے میں بیٹھے ہی تھے کہ 7 سے 8 مسلح افراد داخل ہوئے۔ خلیل الرحمان کی آنکھوں پرپٹی باندھی اورتشدد کا نشانہ بنایا۔
ملزمان نے خلیل الرحمان کوگاڑی میں بیٹھایا اورایک کروڑ روپےکا مطالبہ کیا۔ گن پوائنٹ پران سے اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے 2 لاکھ 60 ہزاربھی نکلوالیے۔ نقدی، پرس، موبائل اور قیمتی گھڑی بھی چھین لی۔
ایف آئی آرکےمطابق خلیل الرحمان کوکہا گیا تمھیں مارنےکا حکم ہے۔ کلمہ پڑھ لو اورایک فائرپاؤں کےقریب مارا گیا۔آرگنائزڈ کرائم یونٹ نے ہنی ٹریپ کرنےوالی خاتون سمیت چار ملزمان کو پکڑ لیا جبکہ استعمال کی گئی گاڑی بھی برآمد کرلی گئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ سے متعلق مزید چھان بین کی جارہی ہے۔