جو بائیڈن صدارتی انتخابات سے دستبردار، کملا ہیرس صدارتی امیدوار نامزد

 

امریکا(اُمت نیوز)امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے اگلے صدارتی انتخابات سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے کملا ہیرس کو اگلے صدارتی انتخابات میں بطور صدر امیدوار نامزد کر دیا ہے۔

ایک ٹوئٹ میں امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنی دستبرداری کا اعلان کیا اور کہا کہ اپنی بقیہ مدت صدر کے طور فرائض کی تکمیل پر توجہ دوں گا۔

واضح رہے کہ ڈیموکریٹک کے صدارتی امیدوار کے طور پر جو بائیڈن اور نائب صدر کے لیے کملا ہیرس کا انتخاب کیا گیا تھا۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ آئندہ ہفتے قوم سے خطاب کروں اور قوم کو تفصیلات سے آگاہ کروں گا۔

بائیڈن نے کہا کہ بطور صدر امریکی قوم کی خدمت میرے لیے باعث فخر ہے، ہم نے مل کر کورونا اور معاشی صورتحال کا مقابلہ کیا۔

انہوں نے نائب صدر کملا ہیرس کا بھرپور ساتھ دینے پرشکریہ ادا کیا اور کہا کہ جو مجھے دوبارہ صدر بنتے دیکھنا چاہ رہے تھے میں ان کا شکر گزار ہوں۔

جو بائیڈن نے کہا کہ امریکہ کیلئے کچھ بھی ناممکن نہیں ہے، اتحاد سے سب کچھ کر سکتے ہیں، ہمیں بس یہ یاد رکھنا ہو گا کہ ہم ریاست ہائے متحدہ امریکہ ہیں۔

امریکی صدر نے انتخابات میں کملا ہیرس کی بطور صدر نامزدگی کی توثیق کرتے ہوئے اپنی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے مزید کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ڈیموکریٹس اکٹھے ہوں اور ٹرمپ کو شکست دیں۔