پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان

 

اسلام آباد(اُمت نیوز) کل یکم اگست سے پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے تخمینے کے مطابق یکم اگست سے پٹرول کی قیمت میں 6 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 11.50 روپے کی کمی ہو سکتی ہے۔

مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل آئل بھی بالترتیب 6.10 روپے اور 5.50 روپے فی لیٹر سستا ہو سکتا ہے۔

ایندھن کی قیمتیں بین الاقوامی تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے کم کی جا رہی ہیں۔

اِس حوالے سے حکومتی اور صنعتی ذرائع کے بقول حکومت کی جانب سے یکم اگست 2024 سے اگلے15دن تک پیٹرول کی قیمت میں 6روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 11.50 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہےجبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 6.10 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 5.50 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔ قیمتوں میں اس ریلیف کی وجہ ڈیزل پر کویت پیٹرولیم کمپنی کی جانب سے پریمیم میں 1.50 ڈالر فی بیرل کمی اور دنیا کی سب سے بڑی معیشتوں یعنی امریکہ اور چین کی جانب سے پی او ایل مصنوعات کی کم مانگ کو قرار دیا جا رہا ہے۔

گزشتہ دو ہفتوں کے دوران عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی اوسط قیمت 89.50 ڈالر سے کم ہو کر 87.50 ڈالر فی بیرل جبکہ ڈیزل 96.93 ڈالر سے گھٹ کر 94 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔