اسلام آباد(اُمت نیوز)وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کا اس طرح قتل کیا جانا امت مسلمہ کیلئے بڑا چیلنج ہے۔
ایک بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ ایران میں حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے بعد اسماعیل ہنیہ کو شہید کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کے خاندان کو بھی شہید کیا گیا، ان قربانیوں کے لیے الفاظ نہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ امریکا میں جس طرح اسرائیلی وزیرِ اعظم کا استقبال ہوا، اس سے ان کے حوصلے بڑھے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارا اسرائیل سے متعلق واضح کردار رہا ہے، وہاں سفر بھی نہیں کیا جاسکتا، جس طرح یورپ اور امریکا کا رویہ ہے اس پر انسانیت شرمندہ ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ ایران کے دارالحکومت تہران میں اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے تھے۔
وہ ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے ایران گئے تھے۔
حماس کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ تہران میں اسرائیلی حملے میں اسماعیل ہنیہ شہید ہوئے، حملے میں ان کا ایک محافظ بھی شہید ہوا ہے۔