راولپنڈی (اُمت نیوز)راولپنڈی میں بارش سے نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد خطرے کے سائرن بجا دیے گئے تاہم بعد میں سطح آب کم ہونے لگی۔
نالہ لئی میں پہلے کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 23 فٹ تک بلند ہوئی جبکہ گوالمنڈی پل کے مقام پر پانی کی سطح 19 فٹ تک پہنچی۔
اس حوالے سے ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ نالہ لئی میں پانی کی سطح کم ہونا شروع ہو گئی ہے، کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 23 فٹ سے کم ہو کر 14 فٹ پر آ گئی ہے۔
ایم ڈی واسا نے بتایا ہے کہ نالہ لئی میں گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح 17 فٹ ہو گئی ہے۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے نالہ لئی اور نشیبی علاقوں میں نکاسیٔ آب کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا ہے کہ موسلا دھار بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہو گئی تھی۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ رک گیا ہے، جس کے بعد نالہ لئی میں پانی سطح کم ہو رہی ہے۔