لاہور: تحریک انصاف پنجاب بھی پارٹی معاملات پر 2 گروپوں میں تقسیم ہو گئی ۔
پارٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب بھی پارٹی معاملات پر 2 گروپوں میں تقسیم ہو گئی ہے۔ حافظ فرحت عباس کو پارلیمانی لیڈر بنانے پر اختلاف سامنے آیا تھا۔ ایک گروپ نے بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات کر کے حافظ فرحت عباس کو تبدیل کرا دیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ حماد اظہر مخالف گروپ کے علی امتیاز وڑائچ پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر مقرر ہوئے ہیں۔حماد اظہر نے بھی پنجاب کے معاملات پر اعتماد میں نہ لیے جانے پر صوبائی صدارت چھوڑ دی۔ چوہدری اصغر گجر سے لاہور کی صدارت واپس لینے پر بھی حماد اظہر نے مخالفت کی تھی۔
تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر گذشتہ روز مستعفی ہو ئے، سوشل میڈیا "ایکس "پر انہوں نے مستعفی ہونے کا اعلان کیا جبکہ لاہور کے صدر چوہدری اصغر گجر اور لاہور کے جنرل سیکریٹری حافظ ذیشان رشید نے اپنے الگ الگ ویڈیو بیان ریکارڈ کرواکر اپنے عہدوں سے مستعفی ہونے کااعلان کیا ۔
لاہور کے صدر اصغر گجر نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ "میں پاکستان تحریک انصاف کے تمام ورکرز کا لیڈرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جنہوں نے میرے ساتھ مل کر عمران خان کی رہائی کے لیے جدوجہد کی آج میں لاہور کی صدارت سے ریزائن کرتا ہو اور امید کرتا ہوں کہ آنے والا صدر مجھ سے بھی بہتر پارٹی چلائے گا اور میری تمام ہمدردیاں اور تمام وسائل پاکستان تحریک انصاف کے لیے ہر وقت حاضر ہے پاکستان زندہ باد”۔