یوکرین(اُمت نیوز)یوکرین نے روس کے کُرسک کے جوہری پاور پلانٹ پر حملے کی تیاری کرلی جبکہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یوکرینی فوج جوہری پاور پلانٹ پر حملے میں ڈرٹی بم استعمال کرے گی۔
روسی وزارت دفاع کی ترجمان ماریاز خاروا نے کہا یوکرین نے کُرسک نیوکلیئر پاور پلانٹ پر حملے کی تیاری شروع کر دی ہے، کرسک جوہری پاور پلانٹ پر حملے کا سخت جواب دیا جائے گا، حملہ ایٹمی دہشت گردی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) یوکرینی اشتعال انگیزی کا نوٹس لے کر اس کی مذمت کرے اور نیوکلیئر سیفٹی سے متعلق امور کی خلاف ورزی روکے۔
ترجمان نے خبردار کیا کہ کیف کے اقدام سے یورپ بڑے پیمانے پر تباہی سے دوچار ہوگا، اقوام متحدہ کیف کو روس کے کرسک نیوکلیئر پاور پلانٹ پر حملے سے باز رکھے۔
یوکرین کا روس کے ایک ہزار مربع میل علاقے پر قبضے کا دعویٰ، روسی صدر کا فوج کو ’دشمن کو باہر نکالنے‘ کا حکم
روسی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرینی فوج نہ صرف کُرسک نیوکلیئر پاور پلانٹ بلکہ زیپوریزیا نیوکلیئر پاور پلانٹ کو بھی تباہ کرنا چاہتی ہے، اس مقصد کے لیے اس نے تابکاری مواد کے حامل وار ہیڈز علاقے میں پہنچا دیے ہیں۔
مقامی صحافی کی رپورٹ کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ یوکرینی فوج اس مقصد کے لیے نیوکلیئر فیول ذخیرہ کرنیوالےتنصیب پر ڈرٹی بم استعمال کرے گی۔