کراچی: طاقتور مون سون سسٹم آج سے ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے سبب کراچی سمیت سندھ بھر میں 26 سے 29 اگست تک موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وسطی بھارت پر موجود طاقتور ہوا کا کم دباؤ مزید شدت اختیار کرگیا، سسٹم ڈپریشن کی صورت میں مدھیہ پردیش میں موجود ہے، یہ سسٹم آج رات یا کل صبح مشرقی سندھ میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اس سسٹم کے زیر اثر مون سون ہوائیں شدت سے سندھ میں داخل ہوسکتی ہیں، آج رات سے 31 اگست کے دوران سندھ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ 26 سے 29 اگست کے دوران سندھ کے دیگر اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
کراچی میں 26 سے 29 اگست کے دوران ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے جبکہ کیرتھر رینج اوربلوچستان کے پہاڑی سلسلے پر بھی موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موسلا دھار بارش کے باعث سندھ کے نشیبی علاقے زیر آب آسکتے ہیں، سمندر میں اس دوران طغیانی رہے گی لہٰذاماہی گیر اس دوران محتاط رہیں۔
کراچی میں بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے اور بلدیہ عظمیٰ کے تمام اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے میونسپل سروسز کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے سندھ اور بلوچستان کے ماہی گیروں کو 27 سے 30 اگست تک سمندر میں نہ جانے کا مشورہ دیا ہے۔