لاہور: عدالتی احکامات پر منی لانڈرنگ کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے صاحبزادے مونس الہٰی کا شناختی کارڈ بلاک کردیا گیا۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق مونس الہٰی کا پاسپورٹ بھی کنٹرول لسٹ میں ڈال دیا گیا، مونس الہٰی کے ساتھ 5 دیگر ملزمان کے شناختی کارڈز بھی بلاک کیے گئے ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزمان کے شناختی کارڈز منی لانڈرنگ کیس میں بلاک کیے گئے، ملزمان کے خلاف اینٹی منی لانڈرنگ سرکل میں مقدمہ نمبر 16/23 درج ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مونس الہٰی کے علاوہ جن دیگر ملزمان کے شناختی کارڈز منی لانڈرنگ کیس میں بلاک کیے گئے ان میں عامر سہیل، عمیر فیاض، امتیازعلی شاہ، فرصت علی اورعابد علی خان شامل ہیں۔
ڈائریکٹر ایف آئی لاہور زون سرفراز خان ورک کا کہنا ہے کہ منی لانڈرنگ میں ملوث ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیںں، عدالت ان ملزمان کے خلاف جو بھی احکامات دے گی ان پر عمل درآمد ہو گا۔
واضح رہے کہ عدالت نے 22 اگست کو مونس الہی سمیت 6 اشتہاری ملزمان کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم دیا تھا۔