فائل فوٹو
فائل فوٹو

پی ٹی آئی میں اختلافات مزید شدت اختیار کر گئے

محمد قاسم :
پی ٹی آئی میں اختلافات مزید شدت اختیار کرگئے۔ اس کی ایک بڑی مثال عمران خان کی ہمشیرہ کا دورہ پشاور و مردان رہا۔ جس کا پارٹی اور حکومت کو علم تک نہیں تھا۔ جبکہ علیمہ خان نے ملاقات کے دوران ورکرز کی شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے عمران خان کی رہائی کیلئے کارکنان کے ساتھ خود تحریک شروع کرنے کا عندیہ دے دیا۔

دوسری جانب مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ کسی قسم کا کوئی اختلاف پارٹی کے اندر موجود نہیں۔ پارٹی عمران خان کی ہے اور وہ خود سارے معاملات دیکھ رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے پارٹی رہنما خدیجہ شاہ کے ہمراہ پشاور اور مردان کا دورہ کیا اور ناراض و جیل سے رہا ہونے والے پارٹی ورکرز اور ان کے خاندانوں سے ملاقاتیں کیں۔

اس موقع پر ورکرز نے پارٹی قیادت کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیے۔ جس پر علیمہ خان نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ خود ورکرز کو ساتھ لے کر بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلیے مہم شروع کریں گی۔ ذرائع کے مطابق علیمہ خان کے دورہ پشاور اور مردان سے پارٹی کی صوبائی و ضلعی قیادت سمیت حکومت کے کابینہ ارکان بھی لا علم رہے۔ جبکہ ترنول جلسہ نہ ہونے پر مایوس کارکنوں نے علیمہ خان سے گلے شکوے کیے اور پارٹی قیادت کی غیر سنجیدگی سے آگاہ کیا۔

ورکرز کا کہنا تھا کہ وہ بھرپور تیاری سے پہلے بھی جلسوں میں شریک ہوتے رہے ہیں اور ہر قسم کی رکاوٹوں کو عبور کیا ہے۔ لیکن اب جب بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں تو قیادت سنجیدگی کا اظہار نہیں کر رہی اور قدم آگے بڑھانے کے بجائے پیچھے ہٹا دیتی ہے۔ جس سے ایک طرف بانی پی ٹی آئی عمران خان کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے اور پارٹی کی ساکھ شدید متاثر ہو رہی ہے تو دوسری طرف کارکنوں کو بھی مایوس کیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق ترقیاتی کاموں سمیت کارکنوں کے جائز مطالبات اور کام نہ ہونے پر بھی ورکرز نے شکایات کے انبار لگا دیئے۔ جس پر علیمہ خان نے ورکرز کو تسلی دی اور کہا کہ عمران خان جلد عوام کے درمیان ہوں گے اور وہ خود تحریک کی قیادت کریں گی۔ ذرائع کے مطابق قوی امکان ہے کہ خیبرپختون سے ہی تحریک شروع کی جائے۔ جبکہ بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ پشاور اور مردان کے بعد مزید اضلاع کا بھی دورہ کریں گی۔

واضح رہے کہ خیبرپختون میں تحریک انصاف کی حکومتی کارکردگی سے عوام نالاں ہیں۔ کیونکہ پارٹی کے باہمی اختلافات ہی ختم نہیں ہو رہے۔ جبکہ عوام اس وقت امن و امان کی صورتحال سمیت بدترین مہنگائی کا سامنا کر رہے ہیں۔ امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر تاجر برادری بھی پریشان ہے۔

دوسری جانب خیبرپختون کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف میں کسی قسم کے کوئی اختلافات نہیں۔ پارٹی عمران خان کی ہے جو سارے فیصلے خود کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی اور علیمہ خان کے بارے میں جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ تاہم ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ کا دورہ پشاور اور مردان سے صوبائی حکومت سمیت کابینہ کو آگاہ نہ کرنا اس بات کو تقویت فراہم کر رہا ہے کہ پارٹی کے اندر اختلافات موجود ہیں۔ اور اگر علیمہ خان مزید اضلاع کے دورے کرتی ہیں تو یہ اختلافات مزید کھل کر سامنے آ جائیں گے۔