اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ امید ہے عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) سات ارب ڈالرز کے نئے پروگرام کی منظوری دے گا، حکومت کی کوششوں سے پالیسی ریٹ کم ہو رہا ہے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے اور بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا رہا ہے اور مہنگائی کم ہوئی ہے۔
منگل کو وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سی پیک سیمینار سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت معاشی استحکام کے لیے زبردست اقدامات اٹھا رہی ہے جس کے نتیجے میں پالیسی ریٹ اور مہنگائی کی شرح میں مسلسل کمی آ رہی ہے، بیرونی سرمایہ کاری کے لیے بھی راہیں کھلی ہیں اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ نئے پروگرام کی منظوری دے گا، حکومت کے معاشی اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں جس کے نتیجے میں شرح سود میں کمی آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین کے تعاون سے سی پیک کے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے تاہم سی پیک فیز2 کا بھی آغاز کیا جا رہا ہے، جس سے ملک میں معاشی سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہوگا۔