کوئٹہ: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد ہماری اولین ترجیح ہے۔
کوئٹہ میں بلوچستان کے سیلاب متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان سے سوتیلوں جیسا سلوک ہو رہا ہے، بلوچستان کے عوام کی ہرممکن مدد کریں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق دنیا بھر میں آواز اٹھائی۔ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی میں حکومت سازی کا معاہدہ ہوا تھا، وزیراعظم کے ساتھ دنیا کے سامنے کھڑے ہو کر بطور وزیر خارجہ معاہدے کئے، ہم نے ہاوسنگ پراجیکٹ کی فنڈنگ کا بندوبست کیا، یہ میرا منصوبہ ہے جو ہم نے ورلڈ بینک کےسامنے رکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں جانتا ہوں کہ وفاق کا حصہ سندھ کو دلانا کتنا مشکل ہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ جب دوبارہ سیلاب آئے اور میں مدد مانگوں تو مجھ سے یہی پوچھا جائےگا کہ پہلے جو فنڈز دیے تھے، اس کا کیا ہوا؟
بلاول بھٹو نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے ورلڈ بینک سے پہلے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مدد کرنی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ اگرآپ اپنا حصہ ڈالتے ہیں تو دینا سے مزید فنڈنگ ملے گی، صوبائی اور وفاقی حکومتیں سیلاب متاثرین کو سنجیدہ لیں، سندھ کے وزیراعلیٰ سے کہتا ہوں کہ بات کریں، میں یہ چاہتاہوں آپ یہ پیسہ فوری سیلاب متاثرین کو دیں۔