اسلام آباد: دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز فنڈ کیس میں 9 اکتوبر کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا گیا، سپریم کورٹ نے ڈیمز فنڈ میں موجود رقم حکومت کے پبلک اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا حکم دیدیا۔
سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ ڈیمز فنڈ میں موجود رقم وفاقی حکومت کے پبلک اکائونٹ میں منتقل کی جائے، جس کے بعد ڈیمز فنڈ کیلئے قائم اکائونٹ بند کردیا جائے گا۔
حکمنامہ کے مطابق سپریم کورٹ نے اپنا ہی اکائونٹ بند کرنے کی ہدایت کر دی، ڈیمز فنڈ کی منتقلی کیلئے حکومت کے پبلک اکائونٹ کا ذیلی اکائونٹ کھولا جائے، حکومت ایسے اقدامات کرے کہ نجی بنکوں سے ڈیمز فنڈ کی رقم پر مارک اپ لیا جا سکے۔
حکم نامہ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ڈیمز کی تعمیر کیلئے جب بھی رقم درکار ہو متعلقہ اکائونٹ سے استعمال کی جا سکتی ہے۔
سپریم کورٹ کے مطابق ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ کے پاس ڈیم فنڈزکا پیسہ رکھنے کوغلط قرار دیا تھا، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ میں جمع ڈیم فنڈزکا پیسہ حکومت کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا کہا۔